ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / کشمیر میں پولیس کی فائرنگ میں ہلاک شدگان کی تعداد 16ہوئی 

کشمیر میں پولیس کی فائرنگ میں ہلاک شدگان کی تعداد 16ہوئی 

Sun, 10 Jul 2016 20:10:56  SO Admin   S.O. News Service

سری نگر ، 10؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )حزب المجاہدین کے پوسٹر میں نظر آنے والے برہان وانی کے مارے جانے کے خلاف مظاہرہ کر رہے پلوامہ کے مقامی لوگوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان تازہ جھڑپوں میں آج ایک نوجوان کی موت ہو جانے پر پولیس کی فائرنگ میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 16تک پہنچ گئی ہے۔اب تک کے اس واقعے میں 200افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔پولیس کے ایک اہلکار نے کہا کہ آج صبح پلوامہ کے نیوا میں مظاہرین اور سیکورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں میں 18سال کا ایک نوجوان شدید زخمی ہو گیا۔انہوں نے کہا کہ عرفان احمد ملک کو یہاں واقع ایس ایم ایچ ایس اسپتا ل لے جایا گیا لیکن وہاں اس نے دم توڑ دیا۔افسر نے کہا کہ کل کی پر تشدد جھڑپوں میں زخمی ہوئے چار افراد نے رات کو دم توڑ دیا تھا۔کشمیر کے زیادہ تر حصوں میں پرتشدد احتجاج شروع ہو گئے۔جنوبی اضلاع ، پلوامہ، اننت ناگ اور کولگام سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔اب تک موصول ہوئی پختہ اطلاعات کے مطابق، 96سکیورٹی اہلکار وں سمیت 200سے زیادہ لوگ دن بھر جاری رہی جھڑپوں میں زخمی ہوئے تھے۔اس دوران ہجوم نے تین پولیس کے ادارے، تین شہری انتظامی دفاتر، پی ڈی پی کے ایک رکن اسمبلی کی رہائش گاہ اور کئی گاڑیوں کو آگ لگا دیا تھا اور بی جے پی کے دفتر کو نشانہ بنایا تھا۔اسی درمیان، کشمیر وادی کے مختلف حصوں میں آج دوسرے دن بھی احتیاطا کرفیو جاری رہی ۔جھڑپوں کے دوران ہوئی ہلاکتوں کی مخالفت کرنے کے لیے علیحدگی پسند گروپوں کی جانب سے بلائے گئے بند کی وجہ سے وادی میں عام زندگی متاثرہوئی ہے۔سید علی شاہ گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق سمیت علیحدگی پسند لیڈروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ محمد یاسین ملک کو احتیاطا حراست میں رکھا گیا ہے۔امرناتھ یاترا کو کل معطل کر دیا گیا تھا اور یہ اس وقت بھی معطل ہے۔حزب المجاہدین کا کمانڈر وانی اور دو دیگر جمعہ کو مارے گئے تھے۔یہ تینوں ایک گھر میں چھپے تھے اور ان کی طرف سے فائرنگ کرنے کے بعد جب سیکورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کی تو یہ ہلاک ہو گئے۔وانی کی موت کے بعد عوامی ردعمل کو قابو میں کرنے کے لیے وادی میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئیں اور کرفیو لگا دیا گیا۔


Share: